برطانیہ میں ہڈرز فیلڈ ٹاؤن سینٹر میں چاقو کے وار سے جاں بحق ہونے والے 16 سالہ نوجوان احمد ممدوح الابراہیم کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
احمد کی المناک موت نے مقامی اور تارکین وطن کمیونٹی کو گہرے غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ مرحوم احمد کے اہلِ خانہ کے مطابق، نمازِ جنازہ ایک خصوصی تقریب کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں مقامی برادری کے سیکڑوں افراد، دوست احباب اور کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔
غم سے نڈھال والدین اور رشتہ داروں نے دعاؤں کے ساتھ احمد کو الوداع کہا، خاندان نے بتایا کہ احمد کی تدفین شام میں اس کے آبائی علاقے میں کی جائے گی، جہاں خاندان کے دیگر افراد پہلے سے مدفون ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور متعلقہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر کمیونٹی میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور عوامی سطح پر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نوجوانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
احمد کی ناگہانی موت ایک دردناک یاد دہانی ہے کہ نوجوانوں کو درپیش خطرات کو سنجیدگی سے لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔