کوئٹہ(پ ر) نوابزادہ میر سخی بخش رئیسانی نے حاجی اسحاق لہڑی کے ہمراہ شارع نواب رئیسانی کا دورہ کرتے ہوئے توسیعی منصوبہ کے تحت تعمیر ہونیو الی سڑک اور نکاسی آب کے نالے کا معائنہ کرتے ہوئے معیار کا جائزہ لیا۔ نوابزادہ میر سخی بخش رئیسانی مکینوں سے ملاقات کرکے ان سے گھل مل گئے ،اس موقع پر مکینوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سالوں سے زیر التوا شارع نواب رئیسانی توسیع منصوبہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی ذاتی کوششوں سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، مکینوں نے تعمیراتی کام کے دوران پائی جانیوالی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی کام کے دوران پہلے سے بچھے واسا کے مین پانی کے پائپ لائن کو اکھاڑدیا گیا تاہم اس کی جگہ متبادل پائپ لائن نہیں بچھائی گئی، مکینوں نے از سر نو پائپ لائن بچھانے سمیت سڑک کی معیاری تعمیر کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔اس موقع پر نوابزادہ سخی بخش رئیسانی نےیقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے سڑک کی معیاری تعمیر اور پائپ لائن بچھانے کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔