حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)کینٹ تھانے کی حدود میں شہباز بلڈنگ کے قریب گاڑی روکنے پر نوجوان اوراس کی ساتھی دو لڑکیوں نے پولیس اہلکاروں پر اسلحہ تان لیا‘ پولیس نے نشے دھت نوجوان کو کلاشنکوف سمیت گرفتارکرکے گاڑی سے برانڈ ڈشراب کی 2بوتلیں برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق کینٹ تھانے میں کرائم نمبر 2025/39 زیردفعہ 353اور 34پی پی سی کے تحت درج کئے گئے مقدمہ میں کہاگیاہے کہ10اپریل کی شب دوران گذشت شہباز بلڈنگ وادھواہ روڈ پر چیکنگ کے دوران ایک ڈبل کیبن گاڑی جسے ایک خاتون چلارہی تھی روکاتو دیکھا کہ خاتون کے ہاتھ میں پستول اورنوجوان نے گلے میں کلاشنکوف نمارائفل ڈالی ہوئی تھی۔ایک لڑکی جس کے ہاتھ میں پستول تھی گاڑی سے اترکر پولیس اہلکاروں پر تان لی اور قریب آنے سے منع کیااس کی ساتھی دوسری لڑکی بھی اس دوران آگئی ‘ جبکہ لڑکا کلاشنکوف لئے کھڑا رہا۔ دونوں لڑکیاں روڈ کے دوسری طرف گئیں اورایک گاڑی میں بیٹھ کر فرارہوگئیں۔ اس دوران پولیس نے نوجوان جس نے اپنا نام طلحہ ولد عمر خان عمران بتایا ‘پولیس نے اسے گرفتارکرکے اس کی کلاشنکوف اور راؤنڈ برآمدکرکے تحویل میں لے لئے ‘گاڑی کی تلاشی کے دوران غیر ملکی برانڈڈ شراب کی دو بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔ جبکہ ویو ڈبل کیبن گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی گرفتارملزم کو بعدازاں میڈیکل چیک اپ کے لئے سول اسپتال روانہ کیاتھا۔ پولیس نے شراب رکھنے اورسرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات میں 2عورتوں سمیت 3 ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔