ملتان (سٹاف رپورٹر)موسم گرما میں غیر معیاری مشروبات اور ناقص اشیاء کی تیاری کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، فوڈ اتھارٹی ٹیموں نےمختلف مقامات پر سوڈا واٹر اور جوس پلانٹس، پولٹری شاپس کی انسپکشن کی،اس دوران 440 کلو مضر صحت خوراک تلف، 2 بیوریجز پلانٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 5 فوڈ بزنس مالکان کو 1 لاکھ 80 ہزار روپے کے جرمانے عائدکیے گئے،یہ کارروائیاں مہندی پور انڈسٹریل اسٹیٹ، سلطان گارڈن جہانگیر آباد، بہاولپور روڈ، پل براراں، لنک روڈ عید گاہ میں کی گئیں۔فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کے دوران 250 لٹر غیر معیاری سوسز، 100 لٹر ملاوٹی مشروبات، 40 کلو لاغر مرغیوں کا گوشت، 30 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔ مشروبات کا سیمپل فیل ہونے پر 2 بیوریجز پلانٹس کی بہتری تک پروڈکشن بند کردی۔ مشروبات کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ پائے جانے پر سوڈا واٹر پلانٹ کو 25 ہزار روپے، سوسز کی تیاری میں ایکسپائری فلیورز، ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پر پروڈکشن یونٹ کو 50 ہزار روپے، لاغر مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے پر عید گاہ لنک روڈ پر پولٹری شاپ کو 50 ہزار اور آئسکریم کی تیاری میں ناقص اجزاء کے استعمال پر ایم اے جناح روڈ پر فوڈ پروڈکشن یونٹ کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا-