• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی نازیہ اعجاز نے والدہ ملکہ ترنم نورجہاں کی زندگی سے متعلق کیا کہا؟


پاکستان فلم اور میوزک انڈسٹری کی لیجنڈی اداکارہ و گلوکارہ نور جہاں کی بیٹی نازیہ اعجاز درانی نے والدہ کی زندگی کی یادوں کو تازہ کیا ہے۔

نازیہ اعجاز درانی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا ہے۔

اس انٹرویو کے دوران نازیہ اعجاز نے والدہ کی زندگی کی دلچسپ یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ 9 سال کی عمر سے اسٹار تھیں، انہوں نے بہت زیادہ شہرت اور مداحوں کی محبت دیکھی مگر وہ گھر میں ایک عام ماں کی طرح ہوتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ والدہ نے ہمیشہ اپنے ہاتھوں سے کھانا بنایا اور کھلایا اور ہمارے سب ناز نخرے بھی اٹھائے، بڑی بہن ظِلّ ہما کی شادی کے بعد والدہ نے ہم 3 چھوٹی بہنوں کو بورڈنگ اسکول میں ڈال دیا تھا۔

نازیہ اعجاز کا کہنا ہے کہ والدہ اور والد اعجاز درانی میں علیحدگی کے بعد دوستانہ تعلقات تھے، بورڈنگ اسکول ہماری سالگرہ منانے کے لیے دونوں آیا کرتے تھے۔

ان کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ والدہ کی وفات سے قبل جب ان کی طبیعت خراب ہوئی ہے تو اس دوران بھی اعجاز درانی ہی والدہ کو اسپتال لے کر گئے تھے۔

نازیہ اعجاز درانی نے انکشاف کیا کہ مجھے کبھی کبھار محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنی والدہ جیسی زندگی جی رہی ہوں، میں بھی سنگل مدر ہوں، علیحدہ رہتی ہوں اور اپنے بچوں کی دیکھ بھال بالکل اس طرح سے کرتی ہوں جیسے نورجہاں ہماری کیا کرتی تھیں، میں بھی اپنے بچوں کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا  پکاتی ہوں اور چھوٹے بیٹے کو تاحال اپنے ہاتھ سے کھانا کھلاتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے میری عمر بڑھ رہی ہے، لوگ مجھے کہنے لگے ہیں کہ میں اپنی والدہ سے بہت زیادہ ملتی ہوں، مجھے لگتا ہے میں اپنی والدہ کی زندگی ری کری ایٹ کر رہی ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید