جنوبی بھارتی ریاست کیرالہ کے پالکڈ ضلع میں تامل فلم ’گڈ بیڈ اگلی‘ کی اسکریننگ کے دوران اسی خطے کے مشہور اداکار وجے اور اجیت کمار کے مداح آپس میں لڑ پڑے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق دونوں اداکاروں کے مداح ایک دوسرے پر حملہ آور ہوئے جس کے نتیجے میں ایک شخص سیڑھیوں سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوا۔ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کر کے جھگڑا ختم کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب وجے کے مداحوں نے فلم کے دوران ’TVK‘ (تملگا ویٹری کذھگم) کے نعرے لگائے، جس پر اجیت کمار کے مداحوں نے اعتراض کیا۔ یہ تنازع دونوں اداکاروں کے مداحوں کے درمیان پرانی رقابت کا تسلسل ہے، جو کئی دہائیوں سے جاری ہے۔
اجیت کمار نے ماضی میں اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ وجے کے مداحوں کے ساتھ جھگڑوں سے گریز کریں اور فلموں سے لطف اندوز ہوں۔
انہوں نے کہا تھا، ’اجیت زندہ باد، وجے زندہ باد... آپ کب اپنی زندگی گزاریں گے؟‘