کراچی (اسٹاف رپورٹر)اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 61 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دالبندین سے 310 کلو افیون اور 30 کلو چرس،ہزار گنجی کوئٹہ 184 کلو کرسٹل ہیروئن برآمد۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق سندھ میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 3 کلو افیون جبکہ اقبال پارک لاہور کینٹ کے قریب ملزم سے 130 گرام آئس اور 133 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس کے ذریعے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 154 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ بلوچستان میں ضلع چاغی کے علاقے دالبندین سے 310 کلو افیون اور 30 کلو چرس برآمد کی گئی۔ہزار گنجی کوئٹہ کے پہاڑی علاقے میں اسمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 184 کلو گرام کرسٹل ہیروئن اور 110 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔فتح جنگ روڈ راولپنڈی کے قریب گاڑی کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔طورخم زیرو پوائنٹ کے قریب غیر ملکی(افغان) خاتون سے 1.492 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔