پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے ہردلعزیز و خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر کے بھارت میں کام کرنے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
ہانیہ عامر پاکستان میں سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں۔
ہانیہ عامر کے مداح ناصرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں۔
چلبلی اداکارہ ہانیہ عامر کے ناصرف ڈرامے مشہور ہیں بلکہ ان کے سوشل میڈیا پر وی لاگز، منی وی لاگز و ریلز بھی صارفین کی جانب سے خوب دلچسپی کے ساتھ دیکھی جاتی ہیں۔
ہانیہ عامر پاکستان میں فلم و ٹی وی کی دنیا میں اپنی خوبصورتی اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر جھنڈے گاڑنے کے بعد اب بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھ چکی ہیں۔
اداکارہ جَلد پنجابی فلم میں بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ اور اداکارہ سونم باجوہ کے ہمراہ نظر آئیں گی۔
اداکارہ ہانیہ عامر کے بھارت میں کام کرنے پر نادیہ خان نے تبصرہ کیا ہے۔
نادیہ خان نے کہا ہے کہ ہانیہ عامر بھارت میں پی آر کے ذریعے فلمیں کر کے اپنی وقت ضائع کر رہی ہیں، ہانیہ عامر کو بھارت میں محنت اور وقت ضائع کرنے کے بجائے پاکستان میں ہی رہ کر کام کرنا چاہیے جہاں انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے اور پاکستان ہی میں ان کے اصلی مداح موجود ہیں۔
نادیہ خان کا کہنا ہے کہ آپ سب جانتے ہی ہیں کہ ماضی میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھارت میں کیا ہو چکا ہے، اب بھارت میں ہانیہ کی فلم مکمل ہونے سے قبل ہی اس پر پابندی لگانے جیسے مطالبے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
نادیہ خان نے یہ بھی کہا ہے کہ سجل علی بھی صرف ایک فلم کر کے واپس پاکستان آ گئی ہیں، میرا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر بھی وہاں اتنا وقت نہ لگائیں تو اچھا ہے۔