بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کی ایک طویل عرصے فلم انڈسٹری پر حکمرانی کے بعد اب ان کے بیٹے بابی اور سنی دیول اپنی فلموں کے ذریعے فلم بینوں کو تفریحی فراہم کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں دھرم جی کے چھوٹے بیٹے بابی دیول نے اپنے والد کے حفاظتی مزاج کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا وہ اسٹار کڈز (اداکاروں کے بچے) کی سالگرہ پارٹیوں میں شرکت کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
بابی دیول نے اس حوالے سے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی کسی اسٹار کڈ کی برتھ ڈے پارٹی ہوتی ہے تو پاپا مجھے کبھی وہاں جانے نہیں دیتے، اب میں ان سے کہتا ہوں کہ انھیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انھوں نے کہا پہلے تو میرا دل چاہتا تھا کہ ایسی پارٹیوں میں جاؤں، لیکن جب اسکی اجازت نہ ہو تو پھر عادت سی بن جاتی ہے اور میں اس کے بارے میں زیادہ سوچتا بھی نہیں ہوں۔
56 سالہ بابی نے کہا کہ پاپا کبھی بھی یہ نہیں چاہتے تھے کہ ہم فلم انڈسٹری کے ساتھ گھل مل جائیں کیونکہ انڈسٹری بہت بناوٹی ہے، تو وہ دراصل یہ چاہتے تھے کہ ہمیں بناوٹی پن سے دور رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم گھر پر بھی پارٹیاں نہیں کرتے اور گھر میں فلم انڈسٹری جیسا ماحول نہیں چاہتے۔ ہمارا سیدھا سادہ گھرانہ ہے، گھر پر فلموں کی بات بھی نہیں کرتے۔
کئی ہٹ فلموں میں اپنے کام سے شہرت حاصل کرنے والے بابی نے کہا ہم نارمل لوگوں کی طرح رہتے ہیں۔ میں گواہ ہوں میرے والد کو لوگوں سے کتنی محبت ملتی ہے، فلم سیٹ پر یا گھر کے باہر جمع ہونے والے لوگوں کو دیکھ کر حیران ہوتا ہوں۔