پشاور( وقائع نگار)ٹائر ایسوسی ایشن شعبہ بازار کے زیر اہتمام فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت ملک مہر الہی صدر تنظیم تاجران خیبرپختونخوا نے کی ریلی میں تاجر برادری، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام مسلم ممالک اور تاجر برادری سے اسرائیلی مصنوعات کا عملی طور پر مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر صدر ملک مہر الہی، صدر صلاح الدین، خلیل سواتی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہےاور فلسطین کی آزادی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ظلم و بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اور عالم اسلام کو متحد ہو کر فلسطینی عوام کا ساتھ دینا چاہیے۔ ریلی کے دوران اسرائیلی جھنڈا نذر آتش کیا اور تاجر برادری کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم و بربریت کیخلاف آئندہ جمعہ کو صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان کیاگیا۔