آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: اپنی زندگی میں بیوی کی رضامندی سے پنشن بچوں کے نام کرنے کا شرعاً و اخلاقاً کیا حکم ہے؟
جواب: کسی بھی ملازم کو اپنی ملازمت کا دورانیہ پورے کرنے کے بعد حکومت کی طرف سے جو پنشن ملتی ہے وہ اس کا واجبی حق نہیں ہوتا، بلکہ محض حکومت کی طرف سے تبرع اور احسان ہوتا ہے، جب تک پنشن پنشنر کے قبضے میں نہ آئے اس وقت تک وہ اس کا مالک نہیں بنتا، جب کہ شرعاً کسی چیز کا دوسرے کو مالک بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود اس کا مالک ہو، جب تک آدمی خود کسی چیز کا مالک نہ ہوتو شرعاً کسی دوسرے کو اس کا مالک نہیں بنا سکتا۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں چوں کہ مذکورہ شخص خود پنشن وصول کرنے سے پہلے اس کا مالک نہیں ہے اس لیے اپنے بچوں کو بھی شرعاً اُس کا مالک نہیں بنا سکتا، مذکورہ شخص کے انتقال کے بعد حکومت پنشن جس کو دے، وہی اس کا مالک ہوگا، البتہ اگر بیوی اپنی رضامندی سے لکھ کردے کہ پنشن بچوں کے نام جاری کی جائے تو اس کی گنجائش ہے۔