آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: میرے والد بیمار ہیں، دو بھائی ہیں، میری امی کا انتقال ہو گیا ہے، ایک بھائی کے پانچ بچے ہیں اور ایک کی طلاق ہو گئی ہے، میں دوسرے شہر میں رہتی ہوں اپنے شوہر کے ساتھ، بھائی اور والد صاحب چاہتے ہیں کہ میں اپنے شوہر سے علیحدگی کروں اور اپنے ابو کی دیکھ بھال کروں، میرے شوہر کو بھی دیکھنے والا کوئی نہیں ہے، اس صورت میں میرے لیے شریعت کا کیا حکم ہے؟ شوہر کے ساتھ ان کی دیکھ بھال نہیں کر سکتی، شوہر میرے ساتھ ابو کے گھر نہیں جائیں گے اور ابو یہاں نہیں آئیں گے۔
جواب: صورتِ مسئولہ میں جب سائلہ کے بھائی موجود ہیں تو والد کی خدمت ان پر لازم ہے، سائلہ کے ذمے ہے کہ وہ شوہر کے ساتھ رہے، سائلہ کے والد اور بھائیوں کو شرعاً یہ حق نہیں کہ سائلہ سے شوہر کو چھوڑ کر والد کی خدمت کا مطالبہ کریں، ہاں سائلہ موقع بموقع ، وقتاً فوقتاً شوہر کی اجازت سے والد کے پاس آیا کرے اور ان کی خدمت کیا کرے۔ (فتاویٰ شامی، کتاب الطلاق باب النفقۃ ج نمبر ۳ ص نمبر ۶۰۲،ایچ ایم سعید)