پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور کے ہدایت الرحمان اور صفا مروہ نے خیبر پختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ کے ٹائٹل جیت لئے۔ چیمپئن شپ میں صوبے کے تمام ڈویژنوں سے 50 سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان، چیف کوچ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا شفقت اللّہ، راحت میاں چیئرمین پاکستان ٹیک بال فیڈریشن اور شفیق احمد نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ آرگنائزنگ سیکرٹری میاں ابصار علی، بانی ٹیک بال پاکستان وجاہت علی جی ایس کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن، اختر رسول نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن ملک فراز اور یاسر اسلام بھی موجود تھے۔ فائنل پشاور کے ہدایت الرحمان اور چترال کے جلال الدین کے مابین کھیلا گیا جس میں ہدایت نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں ہدایت نے مردان کے حسنین ریاض کو تین دو سے جبکہ جلال الدین نے پشاور کے منعم صدیقی کو تین دو سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ خواتین فائنل میں صفا مروہ نے حنا خان کو 3-1 سے شکست دی۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں حنا نے نادیہ خان کو جبکہ صفا مروہ نے کائنات کو شکست دی۔ مکسڈ ڈبلز فائنل میں ہدایت الرحمان اور صفا نے نادیہ اور منعم کو 3-2 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔