پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے خوراک میں ملاوٹ اور جعلی اشیاء کی تیاری کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے پشاور اور ایبٹ آباد میں بڑی کارروائیاں کیں اور ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات، جوس اور دیگر ناقص اشیاء برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ پشاور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک گاڑی سے 1500 لیٹر جعلی پیپسی، ڈیو اور گورمے برآمد کی گئی، جو مختلف علاقوں میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام جعلی مشروبات قبضے میں لے کر فوڈ سیفٹی ایکٹ کیمطابق مزید کارروائی شروع کردی اسی طرح دوسری جانب، ایبٹ آباد میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ ایک فیکٹری سے 4000 لیٹر مس لیبل جوس اور 500 لیٹر ناقص سرکہ برآمد کر کے ضبط کیا گیا۔ فیکٹری مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔