پشاور(جنگ نیوز) رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور میں دو روزہ مسکولوسکیلیٹل آنکولوجی کورس کا کامیاب انعقاد ہوا جس میں دنیا بھر سے معروف سرجنز نے شرکت کی۔ یہ کورس انٹرنیشنل سوسائٹی آف لمب سیلویج کے تعاون سے منعقد ہوا جس کا مقصد نوجوان ڈاکٹروں کو جدید کینسر سرجری اور اعضا بچانے کی تکنیکس میں تربیت فراہم کرنا تھا۔اس علمی و عملی کورس کی قیادت عالمی سطح کے ماہرین جیسے ڈاکٹر ڈنکن وائٹ ویل، ڈاکٹر ڈیوڈ ووڈ، ڈاکٹر محمد عاطر صدیقی، اور ڈاکٹر وویک اجیت سنگھ نے کی، جبکہ پاکستان کی نمائندگی ڈاکٹر سہیل حفیظ، ڈاکٹر مسعود عمر، اور ڈاکٹر بدرالدین ساہتو نے کی۔ پروگرام کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ڈاکٹر ذیشان خان نے ادا کیا، جنہوں نے نہ صرف کورس کی رہنمائی کی بلکہ مکالمے کو گہرائی بخشی۔کورس کی خاص بات اس کی انٹرایکٹیویٹی تھی۔ شرکاء نے محض سننے تک محدود نہیں رہے بلکہ سوالات کیے، ووٹنگ میں حصہ لیا، اور مختلف پیچیدہ کیسز پر کھل کر گفتگو کی، جس سے یہ روایتی کورس ایک متحرک سیکھنے کا ماحول بن گیا۔