پشاور(جنگ نیوز) دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور کے زیراہتمام جمیل چوک رنگ روڈ پر اہل فلسطین کے حق میں کل سہ پہر روح پرور ریلی نکالی گئی جس میں ملحقہ علاقوں کے لوگ بھی شریک ہوئے۔ نماز عصر کے بعد مقامی مساجد میں اعلانات پر لوگ جمیل چوک امڈ آئے جبکہ غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے آبادیوں پر بیدریغ بمباری اور ظلم و بربریت پر اظہار رنج و غم اور آگ کے دریا میں جھلسنے والے فلسطینی خواتین و بچوں سے اظہار یک جہتی کیلئے گلی محلوں سے خواتین اور بچیاں بھی نکل کر مظاہرے میں شریک ہوگئیں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے جبکہ بچوں اور بچیوں نے ان مظالم کے خلاف عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے ننھے ہاتھوں میں شہداء کے کفن بھی اٹھا رکھے تھے۔ آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی فاتح زرگل، صدر حاجی سلطان یوسف دیر لالاجی، چیئرمین مجلس عاملہ حاجی محمد سعید اور دیگر شرکاء نے وفاق سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی قوم کے بڑھتے غم وغصہ کی ترجمانی کرتے ہوئے اسرائیلی بربریت کے خلاف قومی سطح پر جہاد کا اعلان کرے۔