ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو سید جواد منصوراحمد نے لائن لاسز کی شرح میں کمی کرنے کے لئے ہائی ٹینشن فیڈرز سے منسلک ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرزنصب کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں،انہوں نےکہا ہے کہ سکیننگ میٹرز کا ڈیٹا حاصل کیاجائے اور بجلی چوروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیاجائے۔ بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانے وصول کئے جائیں اور مقدمات درج کرواکر گرفتاریاں کروائی جائیں۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ذمہ واجب الادا رقوم وصول کرنے کے لئے رینجرز اور پولیس فورسز کی خدمات حاصل کی جائیں، میپکو خانیوال سرکل کے دورے کے موقع پر افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مستقل نادہندگان سے بقایاجات وصول کرنے کے لئے خصوصی آپریشن کیاجائے اور ان کے زیر استعمال دیگر کنکشنز منقطع کرکے بجلی تنصیبات اُتاری جائیں۔