• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال، جماعت اسلامی کے تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ کی اپیل پر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی، امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت اور حکمرانوں کو جھنجوڑنے کے لیے ہفتہ 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطے وملاقاتیں اور تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی مکمل حمایت کا سلسلہ جاری ہے، تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیر کے روز امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن کے ہمراہ حیدری مارکیٹ میں ضلع وسطی کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں کی تنظیموں و ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقات، بعد ازاں ان کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کہ 26اپریل کو ضلع وسطی میں تمام دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی اور اہل غزہ و فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا جائے گا، منعم ظفر خان نے ہڑتال کی مکمل حمایت پر تاجر رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ صہیونی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری اور اس مہم کو مزید تیز اور منظم کیا جائے گا،علاوہ ازیں منعم ظفر خان کی زیر صدارت منگل 22اپریل کو ادارہ نور حق میں 4بجے دن تاجروں کا نمائندہ اجلاس ہو گا، جس میں تاجر رہنما مکمل اتحا د و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن کی حمایت کریں گے، دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی ہدایت پر کراچی کی مضافاتی مارکیٹوں میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق ممبر صوبائی اسمبلی یونس بارائی اور اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے رابطے کئے ، فروٹ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید