کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس سے مبینہ مقابلوں کے دوران اور شہری کی فائرنگ سے 9 زخمیوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی وردی پہن کر ڈکیتیاں کرنے والے منظم گروہ کے 4 کارندوں کامران ولد محمد عرفان، حمید حسین ولد ضمیر حسین، بلال ولد نور احمد اور عمران ولد محمد رمضان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارمز، 4 30 بور پستول ، 8 موبائل فونز، 6 بٹوے، لوٹی گئی نقدی 36 ہزار روپے اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں، جمشید کوارٹرز پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان محمد خالد اور بلال الدین کو گرفتار کرکے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ، پولیس نے بتایا کہ زخمی خالد انتہائی مطلوب اسٹریٹ کرمنل اور موٹر سائیکل لفٹر ہے،کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کورنگی کازوے ندی روڈ پر پولیس چوکی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان گل حسن ولد علی گل اور عبد الوہاب ولد محمد بکان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے دو 30 بور پستول ، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی،شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں پنجاب گراؤنڈ کے قریب شہری نے دکان پر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی،پولیس کے مطابق دکاندار نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو عمیر ولد نعیم زخمی ہو گیا،سچل پولیس نے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت دو ملزمان نور اللہ اور شریف اللہ کو گرفتار کرکے پستول ، 1200 گرام چرس، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔