اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے محکموں میں ریشنلائز یشن سے متعلق وزیر اعظم کی ہدایت پر سختی سے عمل در آمد پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وزارت ہاؤسنگ اور اس سے منسلک محکموں میں احتساب اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے تمام خامیوں کی نشاندہی کی جائے اور ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے 40 ویں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیارہ ہائی ویلیو کمرشل پلاٹس جو ماؤو ایریا ، جی 13/4، جی 14/2، اسکائی لائن پروجیکٹ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اسکائی گارڈنز، اور کینٹ اسٹیشن، کراچی میں واقع ہیں انھیں پی پی پی، لیز آپریٹ، اور اوپن آکشن موڈلز پر مشتمل مخلوط ماڈل کے ذریعے نظر ثانی شدہ جے وی رولز 2025 کے مطابق پیش کیا جائے گا، پارک روڈ منصوبے کے جائزے کے دوران بورڈ نے زمین کی اشتراک کے فارمولے اور لے آؤٹ پلان میں عوامی فلاح و بہبود کے اہداف اور قانونی لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے نظرثانی کی منظوری دی۔