اسلام آباد (ساجد چوہدری )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس ) نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، وفاقی وزیر خالد حسین مگسی بھی کامسٹس یونیورسٹی حکام کی کمیٹی اجلاس میں غیرموجودگی پر برہم ،وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کر دی ، کمیٹی نےاین ٹی ایس کے کام کے حوالے سے ریکٹر کامسٹس یونیورسٹی کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خواجہ شیراز محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا ، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ساجد بلوچ نےبتایااین ٹی ایس سرکاری ادارہ نہیں ،این ٹی ایس کامسٹس یونیورسٹی کے ساتھ بطور کمپنی رجسٹرڈ ہے، وفاقی وزیر خالد مگسی نے کہا این ٹی ایس نے ملک میں بڑا کاروبار شروع کیا ہے، ارکان کمیٹی نے کہا کہ این ٹی ایس کیخلاف متعدد انکوائریاں جاری تھیں، ان انکوائریز کا کیا بنا،قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں این ٹی ایس پر بریفنگ مانگ لی۔