کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے تین امیدواروں کا انتخاب کرکے ان کے کردار کی کلیئرنس کیلئے ان کے نام انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھیج دیئے گئے ہیں ان تین ناموں میں پہلا نمبر جامعہ این ای ڈی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل شیخ کا ہے ، دوسرا نمبر ڈاکٹر غوث بخش ناریجو اور تیسرا ڈاکٹر ذوالفقار علی میمن کا ہے۔ جامعہ این ای ڈی میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 8؍ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا جبکہ 17امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں ڈاکٹر شاہد باقر، ڈاکٹر احمد حسین، ڈاکٹر محمد طفیل، ڈاکٹر انجینئر عبدالقادر بھٹی، ڈاکٹر غوث بخش ناریجو، ڈاکٹر ذوالفقار علی میمن، ڈاکٹر سیدہ ثریا بخاری، انجینئر قاضی امجد، انجینئر محمد شاہد، فیاض احمد قریشی، خالد سیف اللہ، عبدالواحد عقیلی، عبدالمجید یوسفانی، شاہنواز فرحان کھیڑو، ڈاکٹر مشتاق علی جکھرانی، طفیل احمد شیخ اور سید اقبال ہاشمی شامل تھے۔ چیئرمین سرچ کمیٹی ڈاکٹر طارق رفیع نے صدارت کی جبکہ اراکین میں جامعہ این ڈی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت، سیکرٹری یونیورسٹی و بورڈز غلام عباس بلوچ، سیکرٹری ایچ ای سی معین صدیقی اور سیکرٹری کالج ایجوکیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔ ادھر سندھ ایچ ای سی نے ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا نام چیئرمین چارٹر انسپیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کیلئے منتخب کرکے کلیئر نس کے انٹیلی جنس اداروں کے پاس بھیج دیا ہے۔ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی 8؍ برس تک جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر کے عہدے پر فائض رہے۔