آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور فرانسیسی ثقافتی مرکز الیانس دی فرانسے کے مشترکہ تعاون سے منگل کی رات فرانسیسی الیکٹرو پاپ میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام آڈیٹوریم ون میں کیا گیا۔
الیکٹرو پاپ میوزیکل کنسرٹ میں فرانس کے معروف فنکار کلیمنٹ ویساج نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو الیکٹرو پاپ میوزک کی دھنوں کے ذریعے جھومنے پر مجبور کردیا۔
الیکٹرو پاپ میوزک کنسرٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کلیمنٹ ویساج کے فن کو خوب سراہا۔
میوزیکل کانسرٹ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، فرانسیسی قونصل جنرل الیکسز چاہٹہٹنسکی (Mr. Alexis Chahtahtinsky) اور فرانسیسی ثقافتی مرکز الیانس دی فرانسے کی صدر مونا صدیقی نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمارے عہد کے بچے ہم سے زیادہ فرانس کے میوزک کو سمجھتے ہیں، اس ایونٹ کے انعقاد پر فرانس کے قونصل خانے اور فرانسیسی ثقافتی مرکز الیانس دی فرانسے کا بہت شکر گزار ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں مستقبل میں بھی ہم ایسے ثقافتی تبادلے کرتے رہیں گے۔
فرانسیسی فنکار کلیمنٹ ویساج نے کہا کہ میں نے پہلی بار اپنے شہر سے باہر پرفارم کیا، آرٹس کونسل میں پرفارم کرنے کا تجربہ بہت زبردست رہا۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں نے جس طرح میرے فن کو سراہا وہ قابلِ دید ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور فرانسیسی ثقافتی مرکز الیانس دی فرانسے کا بھی بےحد مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا۔