• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان نے رنگ دے بسنتی کا اہم سین سِدھارتھ کو کیوں دیا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

فلم رنگ دے بسنتی کے کلائمیکس کا اہم سین عامر خان نے سِدھارتھ کو کیوں دیا؟ کنال کپور نے انکشاف کر دیا۔

معروف بھارتی اداکار کنال کپور نے اپنی نئی فلم جیول تھیف کی ریلیز سے قبل ایک انٹرویو میں مشہور فلم رنگ دے بسنتی سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا ہے۔

کنال کپور فلم میں اسلم کے کردار میں نظر آئے تھے، انہوں نے ایک انٹرویو میں گفتگو میں بتایا کہ فلم کے کلائمیکس ریڈیو سین سے متعلق ایک خاص فیصلہ عامر خان نے خود لیا تھا، جو سب کے لیے حیران کن تھا۔

کنال نے بتایا کہ اصل میں وہ سین پہلے سب کرداروں کے لیے لکھا گیا تھا، لیکن بعد میں عامر نے تجویز دی کہ صرف ایک شخص کو وہ منظر مکمل طور پر سنبھالنا چاہیے تاکہ بات مؤثر انداز میں پہنچے، سب نے سمجھا کہ یہ کردار عامر خان خود ادا کریں گے، کیونکہ وہ فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔

تاہم عامر خان نے سب کو حیران کرتے ہوئے یہ فیصلہ سِدھارتھ کے حق میں کیا تھا۔

کنال کپور کے مطابق عامر خان نے کہا گروپ میں سب سے زیادہ سمجھ دار اور مدلل کون ہے؟ وہ سِدھارتھ ہے، تو اُسے ریڈیو سنبھالنے دو۔

کنال کپور نے عامر خان کے اس فیصلے کو اُن کی وسعتِ نظری اور غیر معمولی ظرف کا مظہر قرار دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عامر خان کا کہنا تھا کہ اگر فلم میں ہر کردار مؤثر ہو گا تو پوری فلم کام کرے گی اور اگر فلم کامیاب ہوئی تو آخرکار یہ میرے لیے بھی بہتر ہو گا۔

 یاد رہے کہ رنگ دے بسنتی کو عامر خان کے کیریئر کی بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 2006ء میں ریلیز ہونے والی فلم رنگ دے بسنتی کو ناصرف بھارت بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بے حد پزیرائی حاصل ہوئی، یہ فلم نوجوانوں کے جذبات، حب الوطنی اور سماجی بیداری جیسے اہم موضوعات پر مبنی تھی، فلم میں عامر خان، سِدھارتھ، شرمن جوشی، آر. مادھون، اتل کلکرنی، سوہا علی خان اور کنال کپور نے شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید