کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ(ایس آئی یو ) نے الکرم اسکوائر کے قریب چھاپہ مار کر مبینہ طور پر بین الصوبائی منشیات فروش ملزم کو گرفتار کرکے ڈھائی کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی ،ایس آئی یو حکام کے مطابق ،خفیہ اطلاع پر انٹر سٹی بس اسٹاپ الکرم اسکوائر حدود تھانہ شریف آباد میں چھا پہ مار کارروائی عمل میں لائی، چھاپہ کے دوران پولیس نے 2628 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر کے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کے کارندے جو کہ اندرون سندھ منشیات کی سپلائی میں ملوث ملزم محمد نوید کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے قبضے سے برآمد کی گئی منشیات کی مالیت تقریباً ساڑھے چار لاکھ ہے۔دوران انٹیروگیشن ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ عرصہ دراز سے اس مکروہ کاروبار سے منسلک ہے، ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اندرون لیاری اور رئیس گوٹھ سے منشیات حاصل کرکے میرپور خاص میں سپلائی کرتا ہے۔ گرفتار ملزم عرصہ دراز سے اس مکروہ کاروبار سے منسلک ہے، ملزم چرس، آئیس، ہیروئن اور کرسٹال جیسی منشیات کی کراچی سے میرپور خاص ترسیل کے کام سے منسلک ہے، ملزم نے اس کاروبار کے متعلق ہوشربا انکشافات کئے ہیں جو کہ جلد منظر عام پر لائے جائیں گے، جس میں میرپور خاص میں موجود منشیات فروشوں کے نام و دیگر تفصیلات شامل ہیں۔گرفتار ملزم اس سے پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے ـملزم کے خلاف ایس آئی یو میں ایف آئی آر نمبر 57/2025 زیر دفعہ (C)3 9(i) نارکوٹکس ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔