لاہور (نسیم قریشی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سنگین جرائم میں ملوث سزا پانے والے اور ضمانتوں پر رہا ہونے والے مجرمان اور ملزمان کی مانیٹرنگ کے ساتھ انکی ٹیکنگ کی جائے گی۔ ’’جنگ‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں بننے والے پنجاب پولیس کے نئےونگ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی )کے مانیٹرنگ ونگ کا کام ہوگا کہ سنگین جرائم میں ملوث جن ملزمان کو سزا ہو چکی ہے اور وہ جیلوں میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں یا سزا پوری کر کے رہا ہوگئے ہیں ان کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث ایسے ملزمان جو ضؒمانتوں پر رہا ہوگئے ہیں۔ ان کی مکمل مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے گا ، جس میں ان کی مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ ان کی ٹریکنگ کی جائے گی۔ سی سی ڈی کا مانیٹرنگ ونگ دیکھے گا کہ مجرمان و ملزمان عدالتی احکامات کی پابندی کر رہے ہیں کہ نہیں،رہا ہونے کے بعد کن شہروں میں رہائش پذیر ہیں ان ملزموں کے حوالے سے سوسائٹی کو انٹیلی جنس بیس آگاہ رکھا جائے گا۔