• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KPC ممبران کا 30 سالہ مسئلہ حل، ہاکس بے اسکیم 42 کی لیز کا عمل مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب کے ممبران کیلئے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ہاکس بے اسکیم 42کی لیز کے سلسلے میں 30 سال پرانا مسئلہ بالآخر حل ہو گیا ہے۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ، سندھ نے زمین لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو منتقل کر دی ہے، جس کیلئے تمام کاغذی کارروائی مکمل اور لیز کے پیپرز جاری کیے جاچکے ہیں۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد سہیل افضل خان کا کہنا ہے کہ اس اہم پیش رفت سے بلاک نمبر 3, 3-A, 2,68کے الاٹیز اب اپنی زمینوں کی لیز حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈی سی آفس نے بھی اپنا کام مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد اب الاٹیز کو لیز ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، ہاؤسنگ اسکیموں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے پہلے ہی روابط قائم کیے جا چکے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے جائیں گے، اس پیش رفت سے پورے علاقے کی اراضی کی ویلیو میں اضافہ ہو گا اور ایل ڈی اے کو اختیارات ملنے کے بعد زمین و جائیداد کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہونگی، جن میں لیز کا عمل ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے۔واضح رہے کہ بینک سے قرضہ لینے کے لیے لیز بنیادی شرط ہے اور اب لیز کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس بات کے قوی امکانات پیدا ہو گئے ہیں کہ ممبران اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے بینک سے قرضہ بھی حاصل کر سکیں گے۔پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری سمیت پوری مجلس عاملہ نے اس کام یابی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور وزیر بلدیات سعید غنی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل صفدر بگھیو، ڈائریکٹر لینڈ یاور مہدی اور لیگل ہیڈ عرفان علی ابڑو کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی کوششوں سے یہ مسئلہ حل ہوا۔

ملک بھر سے سے مزید