لاہور(نیوزرپورٹر)بھارت کی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہوگئی تاہم تین روز کے دوران 536پاکستانی واپس آئے ہیں جبکہ پاکستان سے849بھارتی شہری اپنے ملک چلے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لانگ ٹرم ویزا رکھنے والے پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی واپسی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا، بارڈر کے دونوں جانب کئی خاندان اپنے گھروں میں واپسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں، دوسری طرف جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے بھارتی پنجاب کے سرحدی علاقوں میں کسانوں کو اپنی فصلیں دو روز میں کاٹنے اور کھیت خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔اتوار کو 236 پاکستانی انڈیا سے واپس اپنے ملک پہنچے جبکہ پاکستان سے 115بھارتی شہری واپس اپنے ملک چلے گئے ہیں، گزشتہ تین روز میں مجموعی طور پر536پاکستانی بھارت سے واپس آئے ہیں جبکہ پاکستان سے849بھارتی واپس چلے گئے ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ایسے پاکستانی جن کی شادی بھارت میں ہوئی ہے یا وہ پاکستان چھوڑ گئے تھے اور ان دنوں واپس پاکستان آئے تھے یا پھر ایسے بھارتی شہری جن کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے ، ان کے یہاں بچے ہیں اور وہ ان دنوں واپس بھارت اپنے خاندان سے ملنے یا کسی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے ان کی واپسی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔