کراچی( افضل ندیم ڈوگر) پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے چوتھے روز بھی بھارتی ایئر لائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر رہا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طویل فاصلوں سے دہلی اور امرتسر آمد روانگی کی 60 پروازیں 2 سے 9 گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ نجی ایئر کی دہلی الماتے کی دو پروازیں چوتھے روز بھی منسوخ کردی گئیں جبکہ بھارتی نائب صدر کو اتوار کی صبح اٹلی سے دہلی واپس لے جانے والی خصوصی پرواز کو بھی طویل مسافت طے کرکے دارالحکومت دہلی پہنچنا پڑا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق نیویارک، ٹورنٹو، ویانا، لندن سے دہلی کی 8پروازوں میں3سے9گھنٹے تاخیر ہوئی۔ دمام، فرینکفرٹ، برمنگھم پیرس، میلان سے دبئی کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایمسٹرڈم، کوپن ہیگن، واشنگٹن، شکاگو سے دہلی کی پروازوں میں بھی غیرمعمولی تاخیر ہوئی۔ ایئر انڈیا کی تبلیسی، پیرس، جدہ، دوحہ، تاشقند سے دہلی کی پروازوں میں بھی 2سے 7گھنٹے اور طویل روٹ سے لندن اور دبئی سے امرتسر کی پروازوں میں بھی دو گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔ اسی طرح دہلی سے مذکورہ ممالک کو جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔