• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ ،اسرائیلی بمباری سے 38 شہید، جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت

غزہ(اے ایف پی، جنگ نیوز)غزہ، اسرائیلی بمباری سے 38شہید، جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت یروت پر بھی فضائی حملے، بیروت پر بھی اسرائیلی بمباری،اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے،فلسطینیوں کی املاک کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے یمن سے فائر کئے گئے میزائل کو فضاہی میں روک دیا، یمنی حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نیو اتیم ائیر بیس پر ہائپر سونک میزائل داغا ۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 38فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ، قطر ی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان نئے جنگ بندی معاہدے کیلئے دوحا مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے ۔ قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے یہ بیان دوحا میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا کیساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے ۔ شیخ محمد نے مزید کہا، "ہمیں حتمی سوال کا جواب تلاش کرنے کی ضرورت ہے کہ اس جنگ کو کیسے ختم کیا جائے۔ یہ، بنیادی طور پر، میرے خیال میں، پوری بات چیت کا کلیدی نکتہ ہے۔"قطر نے مصر اور امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 19 جنوری کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کرائی، لیکن اس سے جنگ کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا۔اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر فضائی حملہ کیا ہے، جس سے آسمان پر دھوئیں کے بڑے بادل چھا گئے ہیں۔ اسرائیل نے بتایا ہے کہ اس کی فوج نے بیروت میں حزب اللہ کے ایک انفراسٹرکچر سائٹ کو نشانہ بنایا، جہاں فوج کی جانب سے علاقے کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دینے کے بعد "درست رہنمائی والے میزائل" ذخیرہ کئے گئے تھے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ گورنریٹ کے کوبر گاؤں کے نواح میں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی املاک پر دھاوا بول دیا، یہ فلسطینیوں اور ان کی املاک پر آباد کاروں کا تازہ ترین حملہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق، متعدد آباد کاروں نے گاؤں کے بیرونی علاقوں میں زبردستی داخل ہو کر فلسطینیوں کو ہراساں کیا اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اگرچہ اس واقعے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، لیکن اس طرح کے واقعات علاقے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے یمن سے فائر کئے گئے ایک میزائل کو روکا ہے، حوثیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ہدف جنوبی اسرائیل میں ایک فضائی اڈہ تھا۔ایک فوجی بیان میں کہا گیا، "یمن سے فائر کیا گیا میزائل اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔"یمن کے حوثیوں نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے نیگیو صحرا میں واقع نیواتیم ایئر بیس پر "ہائپرسونک میزائل" داغا تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک ڈرون کو بھی روکا ہے جو "مشرق سے اسرائیلی علاقے کی طرف آ رہا تھا"۔ فوج نے یہ واضح نہیں کیا کہ ڈرون کہاں سے لانچ کیا گیا تھا۔لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ حملے کے بعد اسرائیلی ڈرون بیروت کے جنوبی مضافات داحیہ کے اوپر پرواز کر تے رہے۔
اہم خبریں سے مزید