لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ پر شب خون نہیں مارنے دیں گے، صوبہ پنجاب میں دیہی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں کو پرائیوٹائز کرنے کے پنجاب حکومت کے فیصلے مسترد اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ہزاروں سکولز ٹھیکیداری نظام پر دیے، لیکن یہ سسٹم بھی بری طرح فیل ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ڈاکٹر شعیب نیازی، ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹرز الفت کی قیادت میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران تکبرانہ رویہ چھوڑیں اورعوام کے مسائل حل کریں۔ پنجاب حکومت نے اپنی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں سے پہلے زراعت اور کسانوں کو تباہ و برباد کیا اور اب پنجاب حکومت میڈیکل کے شعبے کو برباد کرنے چلی ہے، حکمران ملک کو بادشاہی نظام پر چلانا چاہتے ہیں، خاندانوں کی حکومتوں نے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا رواج پیدا ہو گیا ہے۔