لاہور(خبرنگار)رمضان المبارک کا آخری عشرہ قریب آتے ہی بازاروں میں گہما گہمی بڑھ گئی۔ خواتین اور بچوں کاشہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں رش دیکھنے کو آیا۔ جیسے جیسے ماہِ رمضان اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے بازاروں میں عید کی شاپنگ کرنے والے خریداروں کارش بڑھنے لگا ہے . ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شالیمار لنک روڈ، لبرٹی، فورٹرس ، اچھرہ، ٹاؤن شپ، قینچی، چوہنگی امرسدھو سمیت شہر کے دیگر اہم بازاروں میں شہریوں کی بڑی تعدادموجود تھی، گذشتہ روز دن بھر شہری فیملیزکےہمراہ عیدکی شاپنگ میں مصروف رہے۔ ملبوسات،جیولری،کاسمیٹکس اورچوڑیوں کے سٹالز پر خواتین کا رش لگا رہا، خواتین کی جانب سے چوڑیوں اور کپڑوں کی خریداری کی جاتی رہی۔ بچوں کے ملبوسات، جوتوں اور چوڑیوں کی دکانوں پر گہما گہمی لگی ہوئی ہے۔