• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام اسٹیک ہولڈرز، بار ایسوسی ایشنز کینال مسئلہ پر احتجاج فوری بند کردیں، سندھ بار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین شفقت رحیم راجپوت اور سینئر ممبر حیدر امام رضوی ایڈووکیٹ نےکہا ہے کہ کینال مسئلہ پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی پختگی اور مدبرانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول بار ایسوسی ایشنز اور سول سائٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جاری احتجاج فوری بند کر دیا جائے، سندھ بار کونسل مزید تسلیم کرتی ہے کہ یہ معاملہ مناسب طور پر مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کے سامنے رکھا گیا ہے، جو بین الصوبائی معاملات کو طے کرنے کا مجاز آئینی فورم ہے، اس طرح اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کینال کا مسئلہ قانونی اور ادارہ جاتی طور پر جلد از جلد حل کیا جائے گا، سندھ بار کونسل نے اپنے علامیہ میں کہا ہے کہ معاملے کے حل کے باوجود احتجاج کا جاری رہنا نہ صرف جمہوری عمل کو نقصان پہنچائے گا بلکہ عام شہریوں کے روزگار کو بھی بری طرح متاثر کرے گا اور قومی معیشت کو نقصان پہنچے گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کو سیکورٹی کے حساس چیلنجز کا سامنا ہے۔سندھ بار کونسل معیشت کو مضبوط بنانے، قومی یکجہتی کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے، سندھ بار کونسل جمہوری اقدار، آئین پسندی کو فروغ دینے اور تمام قومی مسائل کے مذاکرات اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے پرامن حل کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید