اسلام آباد (نمائندہ جنگ )ایوان بالا میں ارکان نے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی آڑ میں پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کو یکسر مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان پر الزام تراشی نئی دہلی کا وتیرہ ہے ‘ملکی سلامتی کیلئے ہم سب یکجا ہیں ‘انڈیا کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے ‘بھارت کو معلوم بھی نہیں ہوگا کہ ہم کہاں سے گھسیں گے اور کہاں پھٹیں گے۔
اگر بھارت نے پانی بند کرنے یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کو سنگین نتائج بھگتنے ہونگے‘پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے حکومت فوری طور پر تمام آل پارٹیز کانفرنس بلاکر بھارتی حکومت کو بھرپورجواب دے ۔
پیرکو سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام ایک سیاحتی مرکز ہے جہاںدیہاڑے حملہ ہوا‘فوج کہاں تھی‘ابھی تک ایک بھی ملزم نہیں پکڑا گیا ‘مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے‘اگر ان نہروں میں پانی نہیں بہے گا تو اس میں تمہارا خون بہے گا‘پاکستان کے تحفظ کیلئے ہم سب یک جان ہیں ۔
سینٹر سید علی ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ الزام جھوٹا ،بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہے‘ان کا اصل مقصد سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا ہے‘حکومت اس معاملے پر ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور اس میں بانی پی ٹی آئی کو بھی بلائے سینیٹر منظور کاکڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی 7 لاکھ افواج اور انٹیلی جنس ادارے موجود ہیں وہاں پر ایسا واقعہ ہونا ملی بھگت ہے۔