اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان ہے برینٹ66.60ڈالر‘ امریکی ڈبلیو ٹی آئی 62.85ڈالر فی بیرل پر موجود‘ 2.9فیصد کمی متوقع۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق خام تیل کی قیمتیں ہفتہ وار تنزلی کی جانب گامزن ہیں کیونکہ اوپیک پلس کی پیداوار میں ممکنہ اضافہ اور روس یوکرین جنگ میں ممکنہ جنگ بندی سے تیل کی فراہمی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں برینٹ کروڈ فیوچر 66.60 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 62.85 ڈالر فی بیرل پر موجود ہے تاہم ہفتے کے دوران اس میں 2.9 فیصد کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے مگر پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کیلئے ففتھ شیڈول ختم کرنے سے حکومت کو پیٹرولیم لیوی مرضی سے بڑھانے کے اختیارات مل گئے۔ ففتھ شیڈول ختم ہونے سے حکومت پر لیوی کی حد کی پابندی ختم ہوگئی۔