• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزاروں لٹر غیر معیاری مشروبات اور خوراکی اشیاء ضبط

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو کی ہدایت پر غیر معیاری اور ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ روز پشاور اور نوشہرہ میں غیر معیاری مشروبات اور خوراکی اشیاء کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں اور ہزاروں لٹر مضر صحت ڈرنکس اور زائدالمیعاد بیکری مصنوعات ضبط کرلیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پشاور میں عوامی شکایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے 1130 کارٹن غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ جوس برآمد کیے گئے جبکہ زائدالمیعاد بیکری آئٹمز کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری کو شہر کے مختلف بازاروں میں سپلائی کرنا تھا، گودام کو سیل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران پشاور میں ایک مشروبات بنانے والی فیکٹری پر بھی چھاپہ مارا جہاں سے 600 لٹر غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات برآمد کیے گئے اور یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے انسپکشن کے دوران نوشہرہ رشکئی بازار میں ہول سیل ڈیلر کے گودام سے غیر معیاری 4600 لیٹر فلیورڈ ڈرنکس ضبط کیے گئے، جس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ اتھارٹی کو داد دی اور ہدایت کی کہ غیر معیاری مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی و غیر معیاری مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پشاور سے مزید