اسلام آباد ( طاہر خلیل )قومی احتساب بیورو ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں میں غبن کے متاثرین میں رقوم کی واپسی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت چئیرمین نیب لیفنٹنٹ جنرل(ر) نذیر احمد نے کی اس موقع پر کہا کہ رہائشی منصوبوں میں غبن متاثرین کو رقوم واپسی اولین ترجیح ہے ،تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے چار رہائشی منصوبوں کے 500سے زائد متاثرین میں 300 ملین روپئے کے چیک تقسیم کئے گئے، مذکورہ رہائشی منصوبوں کے متاثرین میں پہلے مرحلے میں کروڑوں روپے کے تقسیم کئے جا چکے ہیں، چیئرمین نیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں یا سرمایہ کاری سے متعلق اداروں کی طرف سے جعلسازی اور دھوکہ دہی سے شہریوں کی لوٹی گئی رقوم کی فوری طور پر واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر کیخلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے،شہری اچھی طرح چھان بین اور تسلی کے بعد کسی بھی ادارے میں سرمایہ کاری کریں اور کسی بھی رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری کرتے وقت اسکے ملکیتی رقبے ، این او سی ، لے آوٹ پلین اور شہرت کو ملحوظ خاطر رکھیں ۔