کراچی( افضل ندیم ڈوگر) پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو ایندھن کے غیرمعمولی اضافی اخراجات کے بعد اب ایئر انڈیا کو ویانا میں اسٹاپ اوور کا کروڑوں روپے یومیہ کے اخراجات کا بڑا جھٹکا لگ گیا ہے۔ آسٹریا کے ویانا ایئرپورٹ کو ٹرانزٹ اسٹیشن بنائے جانے سے ایئر انڈیا کو یومیہ کروڑوں روپے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہلی، بمبئی بنگلور اور دیگر شہروں سے سان فرانسسکو، ٹورنٹو، شکاگو، واشنگٹن، نیویارک اور دیگر شہروں کی پروازیں اب ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسٹاپ اوور کر رہی ہے۔ گزشتہ 36گھنٹے کے دوران ایئر انڈیا کے 30سے زائد تیاروں نے ویانا ایئرپورٹ پر سٹاپ کیا۔ جہاں ری فیولنگ اور عملہ بھی تبدیل کیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس دوران طویل سفر سے تھکے ہوئے مسافروں کو 2 سے ڈھائی گھنٹے جہاز میں بیٹھنا پڑا پڑتا ہے۔ بعد ازاں پرواز دوبارہ منزل پر روانہ ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو دو گھنٹے اضافی پرواز کرنی پڑتی ہے جس پر کروڑوں روپے کے اخراجات آتے ہیں جبکہ سٹاپ اوور سے اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں پاکستانی فضائی حدود مزید بند رہی تو بھارتی ایئر لائنز کو ہر صورت کرائے بڑھانے پڑیں گے جو ایر لائنز کے نقصانات کا تیسرا بڑا جھٹکا ہوگا۔ واضح رہے کہ انڈیگو ایئر دہلی سے تاشقند اور الماتے کی پروازیں نقصانات سے بچنے کے لیے مسلسل منسوخ کر رہی ہے۔