لاہور(نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ بارڈر پر تناؤ ہے لیکن پاکستانی ڈرنے والے نہیں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پنجاب میں 8 سال بعد لیپ ٹاپ سکیم کا دوبارہ آغازکر دیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور کی تاریخی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں لیپ ٹاپ سکیم کے پہلے فیز اور ہونہار سکالر شپ فیز ٹو کا افتتاح بھی کر دیا۔ طلبہ کو پہلی مرتبہ 13thجنریشن کور آئی سیون کے لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے طلبہ کے لئے بھی لیپ ٹاپ سکیم کا ای پورٹل اوپن کر دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے 3136طلبہ، بلوچستان کے 938، آزاد جموں و کشمیر کے 517اور گلگت بلتستان 410طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ ملیں گے۔ 20ہزار سکالر شپ دیئے جائیں گے ،وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان عہد کرلیں کہ ان کاہر قدم پاکستان کی بھلائی کیلئے ہوگا توپاکستان کے مستقبل کی اس سے بڑی کوئی ضمانت نہیں، بچوں کو سکالر شپ،لیپ ٹاپ، ای بائیکس سمیت سب کچھ دیں گے،لوگ سیاست کو برا سمجھتے ہیں لیکن سیاست عبادت ہے۔ صوبائی وزیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کو شاباش وہ طلبہ میں بہت مقبول ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وردی والے قوم کی حفاظت کرتے ہیں، وردی کو ڈنڈے پر ٹانگنے والے آج جیلوں میں ہیں۔ ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔