ٹوکیو(عرفان صدیقی) دنیا کی تیسری بڑی معیشت اورپاکستان کا اہم تجارتی و سفارتی شراکت دار ملک جاپان اس وقت پاکستان کے مستقل سفیر سے محروم ہے۔ سابق سفیر رضا بشیر تارڑ اپنی مدت مکمل کر کے وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے نامزد کیے گئے نئے سفیر عبد الحمید بھٹہ مئی کے وسط میں جاپان پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں برس جنوری میں مختلف ممالک میں تعیناتیوں کی منظوری دی تھی، جن میں جاپان کے لیے عبد الحمید بھٹہ کی نامزدگی بھی شامل تھی۔ تاہم، تاحال ان کی جاپان روانگی عمل میں نہیں آ سکی، جس کے باعث پاکستانی سفارتخانہ اس وقت جونیئر سفارتکار کی سربراہی میں کام کر رہا ہے۔