کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ تعاون اور جاسوسی کے الزام میں ایک ’ جاسوس‘ کو پھانسی دے دی۔ ایرانی عدلیہ نے اپنی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ میزان ’ کے ذریعے بتایا کہ محسن لنگرنشین کو موساد کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں بدھ کی صبح پھانسی دی گئی۔ایرانی خبررساں ایجنسی’ میزان ’ کے مطابق محسن لنگرنشین نے 2020 سے دو سال تک موساد کو وسیع پیمانے پر ’ لاجسٹک، تکنیکی اور آپریشنل مدد’ فراہم کی تھی۔ محسن لنگرنشین پر عائد کردہ اہم الزامات میں سے ایک مئی 2022 میں پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی ) کے کرنل صیاد خدائی کے قتل میں اس کا ملوث ہونا تھا، جنہیں تہران میں گھر جاتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار کر جاں بحق کر دیا تھا۔