• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر علاقوں میں طوفان باد و باراں، دو مزدوروں سمیت پانچ جاں بحق

اسلام آباد ، حطار( خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار ) وفاقی دارالحکومت میں طوفان بادو باراں کے نتیجے میں سیکٹر جی 12 مہرہ آبادی میں زیر تعمیر کمرہ گرنے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق دونوں افراد 23 سالہ فضل اور غفار مزدور تھے شیٹرنگ کا کام کررہے تھے، زیر تعمیر کمرہ گرنے سے دو افراد 25 سالہ اکرام اور 17 سالہ عطا اللہ زخمی ہوگئے ۔ ادھر بجلی گرنے سے پلندری آذاد کشمیر کا رہائشی نوجوان غضنفر تصدق جاں بحق ہو گیا، طوفانی بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف شاہراہوں پر درخت گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے، ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمز کی جانب سے فی الفور درختوں کو ہٹا کر راستہ کلئیر کروا دیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف نشیبی ایریاز کے بھی دورے کئے۔گزشتہ شام خانپور میں آنے والے طوفان نے تباہی مچا دی۔ سراہدنہ گاؤں کے رہائشی اظہر محمود کے گھر کی دیوار منہدم ہونے سے تین بچے دیوار کے نیچے دب گئے ۔ حادثہ میں اظہر محمود کا جواں سالہ بیٹا عبدالرحمان دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر دو بچوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ دوسری طرف خانپور ڈیم موڑ کے قریب آندھی کے باعث موٹر سائیکل سوار نوجوان مدثر حسین سکنہ سکردو حادثہ کا شکار ہوا جس کی لاش ٹائپ ڈی ہسپتال خانپور منتقل کی گئی۔ دریں اثناء شدیدآندھی کے باعث خانپور ڈیم میں کشتی الٹ گئی۔ کشتی میں پشاور کی رہائشی سیاح فیملی کے 6 افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے سوار تھے ۔ ریسکیو ٹیموں اور مقامی کشتی بانوں نےخواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد کوریسکیو کر لیا تاہم پولیس ذرائع کے مطابق ایک نوجوان سلیمان ولد شکیل سمیت متعدد افراد کی تلاش کےلئے امدادی کاروائیاں جاری تھیں۔
اسلام آباد سے مزید