کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی میں زمین کی الاٹمنٹ کے کیس میں سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دے دی، صوبائی حکومت کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 2 سال سے کیس زیر سماعت ہیں ،صوبائی حکومت نے تحریری جواب جمع کرانے کی زحمت تک نہیں کی، صوبے کے چیف ایگزیکٹو تقریروں میں کہتے پھرتے ہیں عدالتوں میں کیسز زیر التوا ہیں، ان کو جا کر بتائیں سندھ حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے کیسز التوا کا شکار ہیں، عدالتیں نوٹس جاری کرتی ہیں، سندھ حکومت کے محکمے جواب دینا ضروری ہی نہیں سمجھتے،سرکاری وکیل کا کہناتھا کہ مختار کار کورنگی نے جواب جمع کرانا ہے مہلت دی جائے، نجی کمپنی نے چالیس ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کے بعد مختار کار کی جانب سے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کررکھا ہے،عدالت نے 2023 میں حکم امتناع جاری کیا تھا۔