کراچی( اسٹاف رپورٹر )نیو کراچی میں شہریوں نے دکان پر لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو تشدد کے بعد آگ لگا کر ہلاک کر دیا، تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر الیون جی ہوٹل کے قریب واقع کنفکشنری کی دکان میں دو ڈاکو لوٹ مار کے لیے داخل ہوئے ، دکان میں موجود دو افراد کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے دونوں افراد کو زخمی کر دیا،ڈاکو فرار ہونے لگے تو وہاں موجود شہریوں نے ایک ڈاکو کو قابو کر لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈکیت کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ، زخمی 38 سالہ محمد فیصل اور 35 سالہ محمد فیضان آپس میں بھائی اور دکان کے مالک ہیں ،پولیس نے بتایا کہ کنفکشنری اسٹور کی سپلائی کی پک اپ سامان لیکر دکان میں آ رہی تھی کو موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور بھگاتے ہوئے اسٹور تک لے آیا ،ڈرائیور پک اپ سے اتر کر اسٹور میں گیا تو ڈاکو بھی پیچھے سے داخل ہو گئے،اندر اسٹور کے مالک دونوں بھائی موجود تھے جو ٹانگ میں گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے،ڈاکو باہر نکلے تو شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر اس پر تشدد کیا ،پولیس نے بتایا کہ تشدد سے ہی ڈاکو کی موت واقع ہو چکی تھی تاہم بعد ازاں شہریوں نے اسے آگ بھی لگائی ،ہلاک ڈاکو کے قبضے سے ایک پستول برآمد کیا گیا ہے،دریں اثنا سخی حسن قبرستان کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو بھائیوں سمیت 3 افراد کو زخمی کر دیا ، پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت 25 سالہ علی ، بھائی 18 سالہ محمد حسن ولد شاہ جہاں اور 22 سالہ اسد ولد عابد کے ناموں سے کی گئی ۔