کراچی ( اسٹاف رپورٹر / ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب او راو آئی سی سی آئی نے ٹیکس اصلاحات اور اقتصادی ترقی پر اتفاق کیاہے جبکہ محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے عالمی شراکت داروں کی حمایت حاصل ہے‘ حکومت کی کوششوں سے افراط زر اور کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پا لیا گیا ہے‘جون تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بھی جون تک 10.6 فیصد تک پہنچ جائے گی‘حکومت ایسی اصلاحات کے نفاذ کیلئے پُرعزم ہے جو منصفانہ ٹیکس نظام، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کو جامع پائیدار اقتصادی ترقی کے راہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔وزیر خزانہ نے اوورسیزانویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی جس میں پاکستان میں کام کرنے والی اہم ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سینئرقیادت نے شرکت کی۔انہوں نے بتایاکہ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL)میں شفافیت،کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کا نفاذ ہوچکا ہے او ر مستقبل میں ڈیٹا پر مبنی نفاذمیں نجی شعبے کی شرکت کے امکانات کو اجاگر کیا گیا ہے۔