• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویانا میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب، سفارتکاروں اور اعلیٰ حکام کی شرکت

پاکستان کے سفارتخانے اور اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے مستقل مشن ویانا کے زیر اہتمام یومِ پاکستان کے موقع پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ 

مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس تقریب میں اقوام متحدہ اور ویانا میں موجود دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران مختلف ممالک کے سفارتکاروں، آسٹریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستانی قومی ترانے سے ہوا۔

پاکستان کے سفیر اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب محمد کامران اختر نے تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں، سفراء اور اعلیٰ حکام کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے سفارتکاروں اور نمائندوں نے پاکستانی قوم کو یومِ پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی و بین الاقوامی امور کے چیف آف پروٹوکول، میکسمیلیئن ہیننگ تھے۔

سفیر پاکستان محمد کامران اختر نے اپنے خطاب میں یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے اقتصادی امکانات، ایشیا اور یورپ کے مابین رابطے کے مرکز کے طور پر اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے آسٹریا اور سلوواکیا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور سائنس جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کا حوالہ دیتے ہوئے دیرینہ تنازعات کے پرامن اور جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کے فروغ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں فعال کردار ادا کرنے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

مہمانِ خصوصی میکسمیلیئن ہیننگ نے اپنے خطاب میں پاکستانی عوام کو یومِ پاکستان کی پرخلوص مبارکباد دی اور پاکستان و آسٹریا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

پروقار تقریب میں مہمانوں کی تواضع پاکستانی روایتی لذیز ڈشوں سے کی گئی اور تقریب میں پاکستانی ثقافت، مہمان نوازی اور لذیذ کھانوں نے مہمانوں پر گہرا تاثر چھوڑا اور یومِ پاکستان کی خوشیوں کو دوچند کر دیا۔

 تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان اور مہمان خصوصی نے پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید