• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں اگلے ماہ سے ٹریفک جرمانے بڑھانے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا کہ سندھ میں جرمانے کم ہیں، جس کی وجہ سے قوانین پر عملدرآمد کمزور ہے، اسلئے جون سے ٹریفک جرمانے بڑھا کر موٹر سائیکل کے لئے5ہزار، گاڑیوں کے لئے10ہزار، بسوں کیلئے20ہزار، اور ہیوی گاڑیوں کے لئے25ہزار روپے تک کرنے کی تجویز ہے، یہ بات انھوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ، نائب صدر سید طارق حسین، سابق صدر و چیئرمین فرخ مظہر،طارق ملک، ایس ایس پی ٹریفک کورنگی علی رضا سمیت دیگر صنعتکار و ممبران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے مزید کہا کہ حادثات پہلے بھی ہوتے تھے لیکن اب میڈیا کی نشاندہی اور کوریج کی بدولت یہ زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں، جبکہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ اوور لوڈنگ ہے۔ڈمپر کی صلاحیت 27 ٹن ہے، مگر وہ 80 ٹن اٹھاتے ہیں، ٹریلر 57 ٹن کی جگہ 120 ٹن مال لے جا رہے ہیں، ۔ انہوں نے کہا کہ ہیوی گاڑیوں میں کیمرے اور ٹریکرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 7 ہزار سے زائد گاڑیوں میں یہ سسٹم نصب بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ ڈرائیوروں کے ڈوپ ٹیسٹ کیلئے جدید لیب قائم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی یومیہ چالان کی حد 4 ہزار ہے، جبکہ لاہور میں یہ تعداد 17 ہزار تک ہے۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ ون وے ڈرائیونگ اقدام قتل کے مترادف ہے، رانگ سائڈ گاڑی چلانے والے خود کشی کے زمرے میں آئیں گے اور ان پر جون سے اس پر ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ʼʼفیس لیس ٹکٹنگ سسٹمʼʼ آئندہ ماہ سے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا آغاز شاہراہِ فیصل، صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ جیسے اہم کوریڈورز سے ہوگا۔ہیوی گاڑیوں میں 4 کیمرے نصب کرنے کی تجویز ہے، جس میں ڈرائیور کی حرکات و سکنات پر لائیو فیڈ کے ذریعے نظر رکھی جائے گی۔ ۔ موٹرسائیکل سوارو ں کیلئے لائسنس، گاڑی کی رجسٹریشن، فرنٹ اور بیک لائٹ، چین کور، ہیلمٹ اور عقب میں دیکھنے کے شیشوں پر سختی کی جارہی ہے۔ لائسنس کے اجراء کو بہتر بنایا جائے گا اس کیلئے تجویز ہے کہ پرائیوٹ پارٹنرشپ سے کراچی ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹس (کے ڈی آئی) قائم کئے جائیں گے جہا ں لائسنس لینے سے پہلے 30 گھنٹے کی تربیت حاصل کرنا لازمی قرار دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہر چالان پر لائسنس سے پوائنٹس کٹیں گے جیسے مغربی ممالک میں ہوتا ہے اور مخصوص پوائنٹس کی حد کے بعد لائسنس منسوخ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید سسٹم نافذ کیا جائے گا جس میں فیس لیس ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کے گھر یا جس کے نام پر گاڑی رجسٹر ہے اس کے گھر پر ای چالان بھیج دیاجائے گا جس کی ادائیگی کیلئے 21 دن کا وقت دیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید