اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے نومبر 2025 کے سرکاری اعدادوشمار میں برآمدات میں نمایاں کمی، درآمدی دباؤ میں اضافے اور مجموعی تجارتی خسارے کے تشویشناک حد تک بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو صنعتی استحکام، روزگار اور معاشی بحالی کے لیے سنگین خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر نومبر میں برآمدات 15.8 فیصد کمی کے ساتھ 2.398 ارب ڈالر رہیں، جبکہ درآمدات 13.7 فیصد گھٹ کر 5.253 ارب ڈالر تک محدود ہوئیں، تاہم یہ کمی برآمدی گراوٹ کا ازالہ نہ کر سکی اور تجارتی خسارہ 2.855 ارب ڈالر رہا۔ سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 15 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 5.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے تجارتی خسارہ 32.8 فیصد تک بڑھ گیا۔ جولائی تا نومبر کے دوران برآمدات 6.39 فیصد کم ہوکر 12.84 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات میں 13.26 فیصد اضافہ ہوا، جس سے مجموعی تجارتی خسارہ 37.2 فیصد بڑھ گیا۔