کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025 “کی رنگینیاں عروج پر پہنچ گئیں ، فیسٹیول کے 33ویں روز پاکستانی مصوروں کی جانب سے پیش کی جانے والی آرٹ نمائش ”Fading Boundaries“ کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور اداکار منیب بٹ کے ہمراہ کیا۔ نمائش کے کیوریٹر فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ کراچی میں بہت ساری ثقافتی سرگرمیاں ہورہی ہیں، باہر ممالک سے اتنے لوگ آئے ہوئے ہیں یہ کوئی مذاق نہیں، ان کی حفاظت کرنا ہمارا کام ہے ، پاکستان کا مثبت چہرہ ہم پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں اور یہ فنکار اس فیسٹیول میں بتا رہے ہیں کہ پاکستان پر امن ملک ہیں ، آج کی نمائش میں مختلف فنکاروں کا کام موجود ہے ، ہمارے بلوچستان ، پنجاب ،کے پی کے اور سندھ کے تمام فنکار بہت اچھے ہیں ، میں اپنے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وہ ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں شریک ہوکر بین الاقوامی فنکاروں کے کام سے فائدہ اٹھائیں۔ میں والدین سے گزارش کروں گا کہ آرٹس کونسل میں آرٹ ، میوزک اور ڈانس کی کلاسیں ہوتی ہیں آپ اپنے بچوں کو فن سے روشناس کرائیں، اس سے ہمارے ملک میں تبدیلی آتی ہے۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آج ہمارے ورلڈ کلچرل فیسٹیول کے سلسلے میں ساتویں نمائش ہے ، یہ ہمارے نوجوان بچوں کی نمائش ہے،فن سے محبت کرنے والے لوگوں کے لئے ورلڈ کلچرل فیسٹیول میںبہت کچھ ہے۔ فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب نے کہاکہ اس نمائش کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کیفے ڈی آرٹ میں ہے جہاں بین الاقوامی فنکار آتے ہیں اور یہاں آویزاں فن پارے ان کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔اداکار منیب بٹ نے کہاکہ میں نے پہلی بار اس طرح کی نمائش دیکھی ہے ، آرٹسٹ چاہے کوئی بھی ہو ایک آرٹسٹ کا دل دوسرے آرٹسٹ کے دل سے دھڑکتا ہے، آرٹسٹ کا کام جب لوگ سراہتے ہیں آرٹسٹ کا خون بڑھتا ہے ، اس نمائش میں یہاں ایک بلوچستان کا آرٹسٹ ہے جو بول نہیں سکتا لیکن اس کا کام اتنا اچھا ہے جس کی وجہ سے میں نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔