کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سیمنٹ فروخت اور برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری،آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر حکومت ڈیوٹی اور ٹیکسز میں ریلیف فراہم کرے تو سیمنٹ انڈسٹری کی نمو کو تیز کیا جاسکتا ہے جس کا فائدہ براہِ راست صارفین تک پہنچے گا۔ ہم بارہا حکومت سے صنعت دوست پالیسیاں بنانے کی درخواست کرتے آئے ہیں تاکہ کاروباری لاگت کم ہو اور پاکستانی سیمنٹ علاقائی و عالمی منڈیوں میں مسابقتی بن سکے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2025کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 26.53 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، اور حجم نومبر 2024کی ایکسپورٹ 8,03,258 ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 5,90,183 ٹن رہ گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2025 میں برآمدات میں تقریباً 23 فیصد جبکہ ستمبر 2025 میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔